لاہور ( بیورو رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے اسٹیک ہولڈرز سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر سارے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے نوید سنائی کہ معاملات ٹھیک ہونے جارہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ’تحریک انصاف کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہیں یہ جو مرضی کر لے تحریک انصاف کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی‘۔
اجلاس میں تحریک انصاف نے پنجاب میں عوامی پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے تحت 18 مئی کو مرید کے میں جلسہ ہوگا جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔علاوہ ازیں عمران خان نے گوجرانوالہ مرید کے کے ٹکٹ ہولڈرز کو جلسے کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپتے ہوئے انہیں گرفتاری سے بچنے کی بھی ہدایت کی۔ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ’مرید کے میں ہمارا جلسہ ہر صورت ہو گا اگر حکومت کے لئے دفعہ ایک چوالیس نہیں تو ہمارے لئے کیوں ہے‘۔
علاوہ ازیں عمران خان نے عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ جب چنگیز خان ایک شہر فتح کرتا تھا تو قتل عام کرتا تھا اور پھر جو چند لوگ زندہ چھوڑتا تھا انکو چاروں طرف پھیلا کر کہلواتا تھا کہ جاکر دنیا کو بتاو میں کتنا ظالم ہوں، میری کتنی دہشت ہے، اسکے نتیجے میں تمام شہر بغیر مزاحمت کیے ہاتھ کھڑے کرلیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی آج اس صورتحال سے گزر رہا ہے، ظلم کی داستانیں ٹی وی پر چلائی جا رہی ہیں، لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، جنکی ویڈیوز سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر چلائی جا رہی ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ عورتوں پر کبھی کہیں ایسا ظلم رواں نہیں رکھا گیا جو بے حرمتی اور ظلم آج پاکستان میں خواتین پر کیا جارہا ہے۔