جوبائیڈن کا روسی صدر کے عالمی عدالت کے وارنٹ گرفتاری کا خیرمقدم

واشنگٹن: عالمی عدالت انصاف کی جانب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا کا امریکی صدر جوبائیڈن نے خیرمقدم کیا ہے برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جوبائیڈن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے امریکی موقف کی تائید ہوتی ہے کہ روس نے یوکرین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

گذشتہ روز عالمی عدالت انصاف کی طرف سے روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا سے متعلق کہا گیا تھا کہ اس امر کے اطمینان بخش شواہد موجود ہیں کہ ولادیمیر پوتن جنگی جرائم میں براہ راست ملوث ہیں۔قبل ازیں جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے روسی صدرپر یوکرین میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ فروری میں امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے بیان دیا تھا کہ جو بھی جنگی جرائم میں ملوث ہوا اسے انصاف کٹہرے میں لایا جائے گا۔

رواں ہفتے اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بھی کہا گیا تھا کہ ماسکو کے زیرقبضہ علاقوں سے یوکرینی بچوں کا جبری انخلا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔تاہم روسی صدر کے خلاف اس سلسلے میں کسی بھی کارروائی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ عالمی عدالت انصاف کسی ملک کی حکومت کے تعاون کے بغیر اس ملک سے تعلق رکھنے والے ملزم کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی۔واضح رہے کہ ماسکو صدر ولادیمیر پوتن کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرچکا ہے۔

Read Previous

عوام کے جان ومال کی حفاظت پولیس کا فرض اور اولین ترجیح ہے راشد ہدایت

Read Next

بھارتی پولیس نے خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ کو گرفتار کرلیا