لیہ ( عبید خان ) احسان پور کے قریب تیز رفتار منی ٹرک کے ڈرائیور نے 4 سبزی فروشوں کو کچل ڈالا مظفر گڑھ کی سرحد احسان پور کے قریب افسوسناک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں تاہم ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جب کہ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے کر لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ تیز رفتار منی ٹرک سبزی سے لوڈ تھا، جو تیز رفتاری میں بے قابو ہوکر سبزی فروشوں پر چڑھ دوڑا، چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جاں بحق 3 افراد کی شناخت بلال، کاشف اور غلام حیدر کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ چوتھے شخص کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم چاروں کا تعلق احسان پور سے تھا۔ ریسکیو نے بتایا کہ لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ پولیس نے منی ٹرک کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔