کوئٹہ: بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، 1584 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق آج بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا شام 6 بجے تک پولنگ کے نتائج نشر نہ کرنے کا پابند ہے تاہم 6 بجے کے بعد میڈیا کو ابتدائی نتائج کو غیر حتمی نتائج کے طور پر نشر کرنے کی اجازت ہوگی، جب تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان نہیں کیا جاتا، ان نتائج کو غیر حتمی ہی تصور کیا جائے گا۔
تربت میں پولنگ میں تاخیر، دکی میں پولنگ میٹریل چھین لیا گیا
شکایات سے متعلق ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکریٹریٹ میں مانیٹرنگ جاری ہے، اب تک 16 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 13 کو حل کرلیا گیا بقیہ 3 شکایات کو حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق تربت میں پولنگ دیر سے شروع ہونے پر شکایت موصول ہوئی، ضلعی دکی میں پولنگ میٹریل چھیننے کی شکایت پر ملی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔
چمن میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن حملہ، فائرنگ
چمن میں ایری گیشن دفتر کالج روڈ پر خواتین کے لیے پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا جس پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا اور پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی۔ حملے کے نتیجے میں خواتین سخت خوف میں مبتلا ہوگئیں تاہم پولیس نے حملے کو ناکام بنانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور حملہ آوروں کو منتشر کردیا۔ حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی اور شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کرتے ہوئے پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی مزید بڑھادی۔
کوہلو میں ہنگامہ آرائی، چار افراد زخمی
کوہلو میں ڈنڈوں اور پتھروں کی وار سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 کے فیمیل پولنگ اسٹیش میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا جس کے سبب لوگ زخمی ہوئے۔
ڈیرہ مراد جمالی میں ہنگامہ آرائی
نصیر آباد میں میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے پولنگ اسٹیشنز میں لڑائی جھگڑا ہوا جس میں 3 امیدواروں سمیت 2 درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ کا پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کا نوٹس
وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے بعض علاقوں میں پر تشدد واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر حکمت عملی کے ذریعے ہنگامی آرائی کرنے والوں سے نمٹیں، امن و امان بحال رکھنے کے لیے عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
عبدالقدوس بزنجو نے چاغی میں بلدیاتی الیکشن کے دوران تصادم میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کے 32 اضلاع میں بہت سے پولنگ اسٹیشنز دور دراز اور حساس علاقوں میں قائم کیے گئے، 32 اضلاع میں 5226 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے اور ان اضلاع میں 16195 امیدواران تھے جن میں 132 خواتین بھی شامل تھیں جب کہ 32 اضلاع میں کل ووٹرز کی تعداد ساڑھے 35 لاکھ سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے بلوچستان کے 32 اضلاع میں جاری رہا، چیف الیکشن کمشنر نے مرکزی کنٹرول روم سے نگرانی کی، اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کوئٹہ میں قائم کردہ صوبائی کنٹرول روم سے پولنگ کے عمل کی مانیٹرنگ کرتے رہے، تمام مانیٹرنگ ٹیمیں بلوچستان کے 32 اضلاع میں متحرک رہیں۔دریں اثنا الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور مانیٹرنگ ٹیم سے شکایات کے بارے میں دریافت کیا۔ ویڈیو لنک پر کوئٹہ کنٹرول روم میں اسپیشل سیکریٹری اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سے شکایات کے بارے میں استفسار کیا اور شکایات کے ازالے کے لیے ہدایات جاری کیں۔