ہندوؤں کے جلوس میں مورتی بجلی کے تار میں پھنس گئی، کرنٹ لگنے سے11 ہلاکتیں

چینائی: بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک مندر سے نکلنے والے جلوس کے دوران گاڑی پر رکھی مورتی بجلی کی تار سے ٹکرا گئی اور تار ٹوٹ کر شرکاء پر گر گیا جس میں دو بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع تھانجاور کے ایک مندر سے جلوس نکلا۔ جلوس میں ایک گاڑی پر مورتی رکھی گئی تھی اور درجنوں افراد جلوس کے ہمراہ نعرے بازی کر رہے تھے۔

اس دوران مورتی ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئی اور بجلی کا تار شرکاء پر گر گیا۔ کرنٹ لگنے سے 11 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں جب کہ دیگر 15 افراد بری طرح جھلس جانے کے باعث زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق عمومی طور پر جلوس کی گزرگاہ پر ہائی ٹینشن لائن بند رہتی ہیں تاہم اس وقت ایسا کیوں نہیں آتا اس کی تفتیش کی جائے گی۔

Read Previous

پاکستان پوسٹ؛ ارجنٹ میل سروس میں بڑے پیمانہ پر بے ضابطگیوں کا انکشاف

Read Next

اقوام متحدہ کے سربراہ کی روسی صدر سے ملاقات میں اہم نکات پر اتفاق