فلسطین میں بھارتی سفیر اپنے دفتر میں مردہ پائے گئے

راملہ: بھارت کے فلسطین کے لیے خصوصی ایلچی موکل آریہ اپنے دفتر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلسطین میں بھارت کے خصوصی ایلچی موکل آریہ نے گزشتہ برس ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور ان کا دفتر راملہ میں تھا تاہم آج 36 سالہ موکل آریہ اپنے دفتر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

بھارت کے نوجوان سفارت کار کی موت کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ عملہ جب دفتر پہنچا تو وہ مردہ حالت میں زمین پر گرے ہوئے تھے۔ لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فلسطین اتھارٹی کی وزارت خارجہ نے موکل آریہ کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے جب کہ بھارتی وزارت خارجہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ لاش کی جلد از جلد نئی دہلی منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے ان 138 ملکوں میں سے ایک ہے جو فلسطین اتھارٹی کو بطور ریاست تسلیم کرتے ہیں۔

Read Previous

عورت مارچ میں حقوق کے نام پر خواتین کی تذلیل ہورہی ہوتی ہے، نورالحق قادری

Read Next

یوکرین جنگ؛ بورس جانسن سے بھارت کی مالی امداد روکنے کا مطالبہ