لاہور ( شبیر خان سدوزئی ) محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کی زیرصدارت لاہور سمیت36اضلاع کے ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس کی ماہانہ کارکردگی پرغورکرنے کیلئے اعلی سطحی اجلاس آج ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔اس موقع پر یکم جنوری سے 18مارچ 2022تک ریجنل دفاتر کی کارکردگی اور عوام کو قانونی ریلیف دلا نے کے کیسوں میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے تنبیہ کی کہ ایڈوائزرز اورکنسلٹنٹس اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تارکین وطن کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
صوبائی محتسب نے کہا کہ عوام کی راہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1050کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔عوام اپنی شکایات دفتر محتسب پنجاب کی ویب سائٹ اورموبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی درج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس اپنے اضلاع میں مذکورہ بالا موبائل ایپلی کیشن کے بارے میں عوامی آگاہی کے لیے اقدامات کریں اور سائلین کو محتسب آفس کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کیس ٹریکنگ کے بارے میں بتائیں۔اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ عوامی شکایات کو متعلقہ تحصیلوں میں حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ، میانوالی، جھنگ، اٹک اور ڈیرہ غازی خان میں ریجنل دفاترکی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان نے مزیدکہا کہ عوامی تکالیف کے ازالے،حقوق اطفال کی حفاظت اور بدانتظامی کے خاتمے میں دفتر محتسب ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔عام آدمی کے مسائل کو فوری حل کروا کر سروس ڈلیوری کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا اسکے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔اس حوالے سے ریجنل دفاتر کے ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس بہترین کارکردگی دکھائیں۔
٭٭٭