لاہور ( شبیر سدوزئی ) تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان نے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ نے آج لاہور میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا تھا، اجلاس جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور سینئر رہنما علیم خان سمیت ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی، جب کہ جہانگیر ترین لندن سے ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 3 صوبائی وزرا سمیت مجموعی طور پر پنجاب کے 19 ارکان شریک ہوئے، ایم این ایز کا اج کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا، ان کا اجلاس الگ طلب کیا جائے گا۔ آج کی بیٹھک میں وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، صوبائی وزیر اجمل، عبدالحئی دستی، لالہ طاہر رندھاوا، عون چوہدری، خرم لغاری، چوہدری یاسین سوہل، میاں عبدالروف، سعید اکبر نوانی، زوار حسین وڑائچ، غلام رسول سنگا، بلال وڑائچ، قاسم لنگا اور میاں عمران جاوید شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے لئے بہت سی قربانیاں دیں لیکن ان سمیت سب کی قربانیاں بھلا دی گئیں۔