تاجر سے ساڑھے 3 کروڑ روپے چھیننے والے 4 ڈاکو پکڑے گئے

کراچی: ساؤتھ زون انویسٹی گیشن پولیس نے مہران ہوٹل انڈر پاس میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے 46 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 2 فروری کو لاہور کا تاجر سونا فروخت کر کے رکشا میں کینٹ اسٹیشن کی جانب جا رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے انھیں یرغمال بنا کر ساڑھے تین کروڑ روپے سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ واردات کے بعد تفتیش کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جبکہ مذکورہ مقام کی جیوفینسنگ اور ٹیکنیکل ڈیٹا سمیت سی سی ٹی وی کی فوٹیج بھی حاصل کی گئیں، پولیس نے 21 فروری کو ایک ڈاکو محمد طاہر کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے دیگر 3 ساتھیوں کے بھی نام بتائے.

بعدازاں پولیس نے سخت جدوجہد کے بعد واردات میں ملوث دیگر 3 ڈاکوؤں سلمان ، ظفر اور محسن کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 46 لاکھ روپے اور 4 پستول بھی برآمد کرلیے، ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں۔

Read Previous

یوکرین کا روس کے 5300 فوجی ہلاک اور 29 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

Read Next

ایک دن کے لانگ مارچ سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہوگئیں، بلاول