کراچی میں ایس پی کے دفترکے باہر پولیس اہلکار نے خود کو گولی مار لی

کراچی: جمشید کوارٹرز ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون کے دفترکے باہر پولیس اہلکار نے خود کو گولی مار کر شدید زخمی کرلیا۔
جمشید کوارٹرزتھانے کے علاقے مسلم آباد میں قائم ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون کے دفترکے پولیس اہلکار نے سرکاری اسلحے سے خود کوگولیاں مارلیں اورشدید زخمی ہوگیا،زخمی پولیس اہلکارکوفوری طورپرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت 30 سالہ محمد عاطف کے نام سے کی گئی۔

زخمی پولیس اہلکار کورنگی نمبر پانچ کا رہائشی ہے ۔ ایس ایچ او جمشید کوارٹر ماجد کورائی نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون کا اردلی ہے ۔ اس نے ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون کے دفتر کے باہر بنی پولیس چوکی سے سرکاری ایس ایم جی اٹھائی اور دفتر کے مرکزی دروازے کے سامنے خود کو گولیاں مار لیں۔

انھوں نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو پیٹ میں دو گولیاں لگی ہیں اور پولیس کو جائے وقوع سے بھی ایس ایم جی کے دو خول ملے ہیں جو پولیس نےتحویل میں لے لیے ہیں ،ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ پولیس اہلکار کی جانب سے گھریلو مسائل کی وجہ سے خود کشی کی کوشش کرنا یا پھر اتفاقیہ گولی لگنے کا ہوسکتا ہے۔زخمی پولیس اہلکاراب تک بیہوش ہے اورہوش میں آنے کے بعد اس کا بیان قلمبند کیا جائے گا جس کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئی گی ۔

Read Previous

کراچی میں ڈاکو دودھ اور ڈبل روٹی بھی چھین کر فرار

Read Next

وزیراعظم کا رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان