افغانستان میں برفانی تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق

کابل: افغانستان سے روزگار اور اشیائے ضروریہ کے حصول کے لیے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش دوران 19 افراد برفانی تودے میں دب کر ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ میں پاکستان میں داخل ہونے کے لیے دشوار گزار پہاڑی راستے سے گزرنے والے شہریوں پر برفانی تودہ گر گیا جس میں درجن سے زائد افراد دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا جس کے دوران برف تلے دبے 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاحال کسی بھی شخص کو زندہ نہیں نکالا جا سکا ہے۔

برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے افراد شامل ہیں جو بھوک و افلاس کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان آنا چاہ رہے تھے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برفانی تودے میں وہ مقامی افراد بھی دب گئے ہیں جو حادثے کا شکار ہونے والوں کی مدد کو آئے تھے اور خود دوسرے برفانی تودے کا شکار ہوگئے۔

Read Previous

نوازشریف نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلیے شہباز شریف کو ٹاسک سونپ دیا

Read Next

روانڈا جغرافیائی اعدادوشماراکھٹے کرنے کیلئے اپنا سیٹلائیٹ لانچ کرنے میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کا خواہاں ہے: وزیر آئی ٹی روانڈا