کراچی ( سہیل رانا ) جاپانی شہری راستہ بھٹک کر اورنگی ٹاؤن پہنچ گیا، پولیس نے جاپانی شہری کو حفاظتی تحویل میں لینے کے بعد فارن سیکیورٹی سیل کے حوالے کردیا۔
سی سیون نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سہائی عزیز نے بتایا کہ جاپانی شہری تاماذاکی تاکیویا نامی ایک جاپانی شہری اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں گھومتا ہوا پایا گیا، جاپانی شہری اورنگی ٹاؤں سے پاکستان بازار کے علاقے جارہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے اسے پوچھ گچھ کیلئے روکا اور غیرملکی ہونے کی بنا پر ایس ایس پی ویسٹ دفتر پہنچا دیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق جاپانی شہری کراچی کے علاقوں سے ناواقف تھا اور سیر وتفریح کے لیے نکلا تھا، اور راستہ بھٹک کر اورنگی ٹاؤن جا پہنچا تھا، تاہم پولیس نے اسے بحفاظت غیرملکیوں کی سیکیورٹی کیلئے قائم پولیس کے فارن سیکیورٹی سیل پہنچا دیا، اور سیکیورٹی سیل نے اسے جاپانی قونصلیٹ کے حوالے کردیا ہے۔ ایس ایس پی غربی نے بتایا کہ واقعہ 19 جنوری کو پیش آیا تھا اور جاپان قونصلیٹ نے بھی جاپانی شہری کی مدد کرنے پر پولیس کی تعریف اور شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 11 دسمبر کو بھی ماؤ فینکن نامی ایک چینی شہری ایئر پورٹ سے بھٹک کر کٹی پہاڑی پہنچ گیا تھا، اور اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے بحفاظت ہوٹل پہنچا دیا۔ پولیس کے مطابق چینی شہری بزنس ویزہ پر پاکستان آیا تھا۔