ڈیرہ غازی خان( شبیر خان سدوزئی ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ذیشان جاوید نے افسران کو ساتھ لیکر شہر کا پیدل تفصیلی دورہ کیا۔مویشی نظر آنے پر سخت برہمی اظہار کرتے ہوئے مویشی ضبط اور مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔عمارتی ملبہ اور میٹریل شاہراہوں اور چوکوں پر رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔کمشنر نے شہر کے گلی محلوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شہر میں مویشی نظر آنے پر متعلقہ افسران سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مویشی ضبط کرنےاور مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنےکے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے کہا کہ کسی بھی مقصد کےلئے شہر میں مویشی نہیں رکھے جاسکتے۔گوبر اور دیگر ویسٹ سے صفائی اور سیوریج کی بندش کے مسائل پیدا ہوتے ہیں

۔کسی بھی صورت شہر میں مویشی برداشت نہیں کئے جائیں گے۔کمشنر ذیشان جاوید نے شہر کے معائنہ کے دوران زیر تعمیر عمارتوں کے مالکان سے خود این او سی طلب کئے۔منظوری نہ دکھانے پر ایک گھنٹے کی مہلت دے دی۔انہوں نے کہا کہ مہلت کے باوجود کارپوریشن سے منظور نقشے اور این او سی فراہم نہ ہونے پر عمارتیں سر بمہر کردی جائیں گی مالکان کے خلاف مقدمات ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر عمارتیں منہدم کرائی جائیں گی۔کمشنر ذیشان جاوید نے شہر کے چوک اور شاہراہوں پر عمارتیں میٹریل رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کے احکامات جاری کئے انہوں نے شہر میں صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چاروں سیکٹر انچارج کو وضاحت کےلئے آفس طلب کرلیا۔کمشنر ذیشان جاوید کی شہریوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔صفائی،سیوریج اور دیگر سروسز سے متعلق معلومات حاصل کیں۔کمشنر نے کہا کہ وہ متعلقہ افسران کو ساتھ لیکر شہر کے کم سے کم چار بلاک کا روزانہ وزٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات ہرگز برداشت نہیں ہوں گے۔میونسپل سروسز کی بہتری اولین ترجیح ہوگی۔عوامی مسائل کو بروقت حل کرنے کےلئے فیلڈ فورس کو متحرک کیا جائیگا۔کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر کو چار سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے اور شہر 65 بلاک پر محیط ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ و سی او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک محمد رمضان،اسسٹنٹ کمشنر صدر نبیل میمن ، قائمقام سی او کارپوریشن شہزاد نصیر اور دیگر افسران ہمراہ تھے