شہبازشریف کے پاس 2 ہی آپشنز ہیں لندن یا جیل، فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کے پاس لندن یا جیل جانے کے 2 ہی آپشنز ہیں۔

لاہور میں گورنرہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو لگتا ہے کہ وہ ڈوب رہے ہیں تو پورا ملک ڈوب رہا ہے۔ملک صحیح سمت میں جا رہا ہے۔شہباز شریف فکر نہ کریں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو واپس لانے پرکام کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نوازشریف کے معاملے پرلاہورہائیکورٹ نوٹس لے۔ شہبازشریف کے کیسز روزانہ کی بنیاد پرچلیں۔

فواد چوہدری نے کہا ہمیں زرداری اور نواز شریف کی وجہ سے بھگتنا پڑ رہا ہے۔عمران خان نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں یہ میدان میں ہوں گے تو بات ہو گی۔ اپوزیشن کے پاس کرنے کو کچھ  نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی سمیت سب کو سیاست کرنے کا حق ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ قومی سیاست کریں لیکن مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی صوبے کی سیاست کرنا چاہتی ہیں۔

وفاقی وزیرکاکہنا تھا کہ  فنانس بل میں ترامیم کا مقصد ٹیکس کلچر میں تبدیلی لانا ہے۔اس میں صرف 71 ارب کے ٹیکس ہیں باقی ریفنڈ وغیرہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب کے شہریوں کو بھی صحت کارڈ مل گیا۔یہ بہت بڑا فلاحی منصوبہ ہے جس سے ہر کوئی بلا تخصیص 10 لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج معالجہ کروا سکتا ہے۔بدقسمتی سے صرف صوبہ سندھ اس سکیم کا حصہ نہیں بن سکا ہے۔ راشن پروگرام 15 جنوری تک آ جائے گا۔وزیراعظم نے غریبوں سے اپنی کمٹمنٹ کا اظہار کیا ہے۔

Read Previous

بیان حلفی کیس؛ رانا شمیم اور صحافی بادی النظر میں توہین عدالت کے مرتکب قرار

Read Next

وقت بتائے گا کہ ملک کے لئے زیادہ فائدہ مند میٹرو ٹرین ہے یا صحت کارڈ، وزیراعظم

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے