ملتان( سہیل رانا ) صاحب ایمان پر یہ اللہ کا کرم ہوتا ہے کہ وہ اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کردیتا ہے اور نتیجہ جو بھی ہو اس پر راضی رہتا ہے۔امیر عبدالقدیر اعوان
دین کا ظاہری پہلو ہو یا باطنی ان میں سے کوئی بھی ذریعہ معاش نہیں ہے بلکہ دین اسلام ذریعہ معاش کی حقیقت سے آگاہ فرماتا ہے۔اللہ کریم کی ذات رازق ہے اور ہر ایک کا رزق اس کی پیدائش سے پہلے تقسیم فرما دیا ہے۔ہمیں صرف اسباب اختیار کرنے کا حکم ہے اور نتیجہ اللہ کریم کے دستِ قدرت میں ہے۔مخلوق حاکم نہیں ہوتی بلکہ خالق کی ماتحت ہوتی ہے حکم صرف اللہ کریم کا چلے گا جو ساری مخلوق کا مالک ہے۔اگر ہمیں سجدہ کی توفیق نصیب ہوتی ہے تو یہ ہماری خوش بختی ہے اس پر تکبرکرنے کی بجائے مزید شکر ادا کرنے کی ضرورت ہے کہ اللہ کریم نے توفیق عطا فرمائی۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب
انہوں نے کہا کہ جس نے انکار کیا اور شکر ادا نہیں کیا اس نے خود پر ہی ظلم کیا۔صاحب ایمان پر اللہ کا بڑا کرم ہے کہ بندہ اپنا معاملہ اللہ کریم کے سپرد کر دیتا ہے۔ہو گا وہی جو میرا اللہ چاہے گا بندے کو چاہیے کہ صبر کے وقت صبر کرے اور شکر کے وقت شکر ادا کرتا رہے۔قرآن کریم میں ارشاد ہے جس کا مفہوم ہے کہ عاجزی اور بخشش کو اپنے اوپر لازم کر لو تو تمہیں اور زیادہ ملے گا۔یعنی دنیا و آخرت میں فراخی ہوگی سہولت ہو گی۔آج بھی جو فرد یا قوم اس اصول کو اپنا ئے گی آج بھی اس کا نتیجہ وہی ہو گا جو چودہ سو سال پہلے ارشاد فرمایا جا چکا۔اپنے آپ کو نیکی کی طرف لے آؤ تو آج بھی کامیابی تمہاری ہو گی۔ اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔