ڈیرہ غازیخان ( شبیر خان سدوزئی ) ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو چھوٹے منافع خوروں کے ساتھ ساتھ بڑے مافیا کو قانون کے شکنجے میں لانے کا ٹاسک دیا ہے،اب گراں فروشوں کے خلاف مقدمات درج اوران کی دکانیں سربمہر ہوں گی. ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کے احکامات کی روشنی میں مہنگائی کم کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اختیارات استعمال میں لائے جائیں گے. اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر صدر نبیل احمد میمن،ڈی او انٹر پرائزز اصغر صدیقی اور ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے مزید کہا کہ درآمد کردہ چینی90روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جائے گی،

امپورٹڈ چینی کا سٹاک تمام تحصیلوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش کی کم قیمتوں کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہئیے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ پر اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں،دکانوں کی روزانہ کی چیکنگ کا ٹارگٹ پورا کیا جائے،اپنے علاقوں میں لئے گئے ایکشن کی رپورٹ دیں،آٹا،چینی،پیاز،آلو،ٹماٹر اور اجناس کی قیمتوں پر فوکس کریں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نرخنامہ آویزاں نہ کرنے والے،کم وزن اور زائد نرخوں پر اشیاء بیچنے والے قابل گرفت ہیں،ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے،اس موقع پر ضلع بھر کے26پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ آفیسرانٹر پرائزز نے آٹا،چینی،دالوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور نیلامی کے مراحل بارے بریفنگ بھی دی۔