کراچی: کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے لئے پولنگ کے دوران الیکشن کمیشن کے عملے نے پولنگ اسٹیشن کے اندر سے 2 جعلی ایجنٹس پکڑ کرلیے۔ کراچی کے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 4 میں خواتین کے لیے قائم ایک پولنگ اسٹیشن سے 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، دونوں افراد جعلی پولنگ ایجنٹ تھے اور ان کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے بتایا جارہا ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ سلیم حسن وٹو نے بتایا کہ دونوں پولنگ ایجنٹس جعلی تھے، وہ کسی تصدیقی دستاویزات کے بغیر خواتین کے پولنگ اسٹیشن میں موجود تھے، جعلی پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کرکے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے، اب ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، اراکین اسمبلی، کھیلوں اور شوبز کے میدان میں شہرت پانے والے کھلاڑیوں اور فنکاروں کے ووٹ بھی موجود ہیں۔