ڈیرہ غازیخان ( شبیر سدوزئی ) کمشنر ڈیرہ غازی خان سارہ اسلم نے ڈیرہ شہر کو لاہور کی طرز پر خوبصورت، سرسبز اور حسین بنانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں ان کے آبائی ضلع کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے،عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ان کو سہولیات فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور جوداحمد قریشی اور پی ایچ اے ڈیرہ کے ڈی جی تنویر مرتضیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر سارہ اسلم نے کہا کہ اہم چوکوں،کھلی جگہوں پر پودوں، درختوں کی آبیاری سے ہم شہر کو مزید جاذب نظر بنائیں گے،وسیع پیمانے پر شجرکاری کا ہدف ہر صورت پورا کیا جائے گا،

انہوں نے ہدایت کی کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی ضروریات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال بہت ضروری ہے،میاواکی طرز کے جنگلات کی تیاری سے موسم میں یکسر بدلاؤ آئے گا،آلودگی کے خاتمہ کے علاؤہ ماحول بھی خوشگوار ہوگا۔اجلاس میں ڈیرہ شہر و ڈویژن میں خوبصورتی بارے مزید اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔