ڈیرہ غازیخان ( شبیر خان سدوزئی ): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان ڈاکٹرنیئر عالم نے کہاہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی پلان تشکیل دے دیاگیا ہے اور ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہر کے مختلف چوراہوں،تفریح گاہوں، پارکوں، مساجد اور عید گاہوں میں عوامی اجتماعات کے دوران ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان کی طرف سے موبائل پوسٹیں بنائی جائیں گی جن میں ریسکیو1122کے اہلکار کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے چوکس رہیں گے۔ انہوں نے ریسکیورز کو ہدایات دیں کہ ہر گاڑی میں کم از کم 20ایمرجنسیوں کا سامان ہونا چاہیے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیورز خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں دوران ایمرجنسی مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ڈاکٹرنیئر عالم نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر روڈ حادثات میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتا ہے انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں،حکومت پنجاب کی جانب سے ون ویلنگ اور کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ اور نہروں، دریاؤں میں تیراکی پر پابندی عائد کی گئی ہے اور سخت سزائیں بھی مرتب کی گئی ہیں لہذ وہ ون ویلنگ سے گریز کریں جو کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتی ہیخصوصاً والدین اپنے کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل دینے سے گریز کریں۔ انہوں نے ریسکیورز کو ہدایات دیں کہ عیدالاضحی کے موقع پر ریسکیو ایمرجنسی پوسٹوں کے ذریعے عوام الناس کو ایمرجنسی کور دینے کے ساتھ ساتھ روز مرہ حادثات اور بیماریوں کے متعلق آگاہی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ دل کے مریض اور شوگر کے مرض میں مبتلا لوگ قربانی کا گوشت کھانے میں اعتدال پسندی کا مظاہر ہ کریں انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر زیادہ گوشت کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ اور مختلف پیٹ کی بیماریوں کی ایمرجنسیاں بڑھ جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ اس موقع پر خصوصی احتیاط برتیں۔